پروفیشنل کیرئیر

ڈاکٹر قیصر علی صاحب شعبہ سول انجینئرنگ ، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاورمیں  بطور پروفیسر کام کررہے ہیں۔مزیدبراں آج کل  یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر کی ذمہ داری بھی سر انجام دے رہے ہیں۔ آپ نے زلزلہ کے متعلق پاکستان کے پہلے ارتھ کویک انجینئرنگ سنٹر (Earthquake Engineering Center)کے قیام اورپھر اس کی توسیع میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ مرکز اب زلزلوں کے متعلق تحقیق کے میدان میں دنیا بھر کے  بڑے تحقیقی مراکز میں شامل ہے۔

ڈاکٹر قیصر علی صاحب زلزلے سے متعلق امور پر مختلف سرکاری اور غیر سرکاری قومی اور بین الاقوامی تنظیموں کے مشیر ہیں۔ آپ مختلف اداروں کے ممبربھی ہیں ۔ بلڈنگ کوڈ آف پاکستان پر کام کرنے والے کور گروپ میں  بھی شامل ہیں ۔ ڈاکٹرصاحب ورلڈ ہاؤسنگ انسائیکلوپیڈیا اور ای ای آر آئی امریکہ سمیت متعدد تحقیقی مجلوں کی ادارتی فہرست میں شامل ہیں۔ آپ نے تعمیراتی صنعت میں شامل افراد کے لئے زلزلہ سے محفوظ تعمیر کے بارے میں کئی دستاویزات تیار کی ہیں۔

 پروفیسر ڈاکٹر قیصر علی صاحب  کےملکی اورغیر ملکی تحقیقی جریدوں میں 40 سے زیادہ مقالے چَھپ چکے ہیں۔آپ دنیا بھر کے مختلف فورمزپر متعدد لیکچربھی دے چکے ہیں۔ ڈاکٹرصاحب کوسال 2007 کے بہترین یونیورسٹی استاد کا ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔

 

شعبہ تصوف میں خدمات کے حوالے سے تعارف:

ڈاکٹر صاحب اپنی تعلیمی سرگرمیوں کے علاوہ روحانی تربیت کے لئے تصوف کے سلسلہ چشتیہ سےمنسلک ہیں۔آپ حضرت ڈاکٹر فدا محمد صاحب کے خلیفہ ہیں اور ڈاکٹر فدا محمد صاحب مولانا  محمد اشرف خان پشاوری سلیمانی رحمتہ اللہ علیہ کے خلیفہ مجاز ہیں۔ مولانا محمداشرف صاحب رحمتہ اللہ علیہ، حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمتہ اللہ علیہ کے خلیفہ مجاز حضرت مولانا فقیر محمد صاحب رحمتہ اللہ علیہ کے خلیفہ تھے۔ مولانا اشرف صاحب رحمتہ‏ اللہ علیہ نے پشاور یونیورسٹی میں نہ صرف تبلیغ کی داغ بیل ڈالی بلکہ تصوف کے میدان میں بھی کار ہائے نمایاں انجام دیں۔ مولانا صاحب رحمتہ ‏اللہ‏ علیہ کی خدمات کی مزید تفصیل جاننے کے لئے حضرت مولانا اشرف صاحب رحمتہ ‏اللہ‏ علیہ کی زندگی پر حضرت ڈاکٹر فدا محمد صاحب کی لکھی ہوئی کتاب "مرد درویش” کا مطالعہ کریں۔

 مولانا اشرف صاحب رحمتہ ‏اللہ‏ علیہ کی وفات کے بعد حضرت ڈاکٹر فدا محمد صاحب نے پشاور یونیورسٹی میں اصلاح وارشاد کا سلسلہ جاری رکھا اور اب ریٹائرمنٹ کے بعد یونیورسٹی ٹاؤن کے قریب گاؤں ” پاوکئے” سے ملحق علاقہ ” آفریدی گھڑی” میں روحانی تربیت سے لوگوں کو فیض یاب کر رہے ہیں۔ مزید تفصیل کے لئے دیکھیں www.darwaish.org

ڈاکٹر فدا محمد صاحب کے یونیورسٹی ریٹائرمنٹ کے بعد عرصہ دس (10) سال سے ڈاکٹر قیصر علی صاحب یونیورسٹی طلباء میں اصلاح کا کام کر رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں ان کے ہفتہ میں دو بیانات (بروز جمعرات مکان نمبر P-9 یونیورسٹی کیمپس اور بروز پیر انجینئرنگ ٹرائیبل ہاسٹل میں) ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ مسجد فردوس(یونیورسٹی کیمپس ) میں ہر سال رمضان المبا رک کے آخری عشرہ میں تربیتی اعتکاف بھی ہوتا ہے۔ جو ساتھی اپنی روحانی تربیت ، اصلاح نفس اورنفسیاتی مسائل کے حل کے لئے رہنمائی حاصل کرنا چاہیں وہ بذریعہ ای میل رابطہ کر کے ملاقات کے لئے وقت لے سکتے ہیں۔

 ([email protected])

تعلیم

پی ایچ ڈی:   2004، ڈیپارٹمنٹ آف سول انجنئیرنگ یونیورسٹی آف انجنئیرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور

موضوع  :  Seismic Performance Study of Brick Masonry Building System in Peshawar Region

ایم ایس:     2001، ڈیپارٹمنٹ آف سول انجنئیرنگ، یونیورسٹی آف انجنئیرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور

بی ایس :   1991، ڈیپارٹمنٹ آف سول انجنئیرنگ، یونیورسٹی آف انجنئیرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور

مطبوعات

۱) سچائی کی تلاش

۲) صراط مستقیم

۳) دین کی حقیقت